• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’را‘ سے رابطہ کرانے کا الزام، فاروق ستار بیان کیلئے کل سی ٹی ڈی طلب


سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی معاونت کے الزام میں بیان دینے کے لئے کل (ہفتہ) سول لائن تھانہ سی ٹی ڈی طلب کر لیا ہے۔

ٹی ڈی نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما انیس ایڈووکیٹ کو بھی طلب کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے جاری ایک نوٹس کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن تھانے میں ایک ایف آئی آر نمبر 54 کے تحت دو ملزمان نعیم خان اور عمران احمد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

نوٹس کے مطابق گرفتار ملزمان نے اپنا تعلق پاکستان دشمن بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ظاہر کیا ہے۔

تفتیشی افسر انسپکٹر ظفر عباس کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ان کا رابطہ ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کرایا تھا۔

اس ضمن میں ڈاکٹر فاروق ستار کو جاری نوٹس میں 5 جون کی دوپہر 12 بجے بنفس نفیس تفتیشی افسر کے روبرو تمام دستیاب شواہد کے ساتھ پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کے نام یہ نوٹس ’لیڈر سیاسی پارٹی ایم کیو ایم‘ عارضی سکونت آواری ٹاور ہوٹل جبکہ مستقل پتہ مکان نمبر 278 پی آئی بی کالونی جاری کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے پی ایس پی رہنما انیس ایڈووکیٹ کو بھی طلب کرلیا ہے، اُنہیں کل دو پہر سی ٹی ڈی ہیڈ آفس پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

تازہ ترین