• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی یونین کی انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے روسی قانون پر تشویش

یورپی یونین نے روسی صدر پوٹن کی جانب سے نئے قانون پر دستخط کرنے کے عمل پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

یاد رہے کہ روسی صدر پوٹن نے آج ایک نئے قانون پر دستخط کیے ہیں جس میں ’انتہا پسند تنظیموں سے وابستہ‘ کسی بھی شخص پر روس میں انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہوگی۔

اس حوالے سے یورپین یونین نے کہا کہ یہ نیا قانون اپوزیشن اور دیگر تنقیدی آوازوں کے خلاف ایک اور ذریعہ ہے جو روس میں سیاسی کثیریت کو کم کرے گا۔

یورپین خارجہ امور کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ آئندہ ستمبر میں ریاستی انتخابات سے قبل 'غیر ملکی ایجنٹوں' اور 'ناپسندیدہ تنظیموں' کے قوانین کے ساتھ ملکر جمہوریت، انسانی حقوق اور آزادیوں کے خلاف ایک منظم کریک ڈاؤن کا اشارہ ہے۔ مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ یہ قانون سابقہ تاریخوں کے ساتھ نافذ العمل ہوگا۔

یورپین وزارت خارجہ نے اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے روسی حکام پر زور دیا کہ وہ اس قانون کو منسوخ کریں۔ اس کے ساتھ ہی اس نے روسی قانون سازوں کو ان وعدوں پر عملدرآمد کی تاکید بھی کی، جو روس نے یورپ اور کونسل آف یورپ کے انسانی حقوق کے بارے میں یورپین کنونشن سمیت انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کے تحت کر رکھے ہیں۔

تازہ ترین