اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ کے سابق چیئرمین سینیٹر رضا ربانی نے وفاقی حکومت سے میانمار کی شیڈو حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کردیا، جمعہ کو اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ میانمار میں فوج کی جانب سے جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد قومی اتحاد کی حکومت ملک میں ہنگاموں کے نتیجے میں بنی ہے،انہوں نے کہا کہ میانمار میں فوج کے ہاتھوں لوگوں کے خلاف ظالمانہ کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے جو جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے احتجاج کر رہے ہیں،رضا ربانی کا کہنا تھاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نیشنل لیگ برائے جمہوریت نے روہنگیا کہ ساتھ برتاؤ میں اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور یہ روہنگیا کی جانب سے سمجھداری ہوگی کہ وہ نیشنل لیگ برائے جمہوریت کی جانب سے پیشکش کو قبول کرے،ان کا کہنا تھاکہ روہنگیا جمہوری جدوجہد میں اس یقین دہانی پر شرکت کرے کہ روہنگیا مہاجر جمہوری میانمار میں واپس آئیں گے۔