• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور کے ترقیاتی فنڈز میں سے 55 فیصد ضائع ہوگئے


مالی سال 21-2020  میں لاہور کے لئے رکھے گئے ترقیاتی فنڈز میں سے 55 فیصد ضائع ہوگئے، 45 فیصد ہی استعمال ہوسکے، یہ تمام فنڈز تحریک انصاف کے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں استعمال ہونا تھے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی حکومت نے اپنے ہر رکن قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے 25 کروڑ اور ہر ایم پی اے کے حلقے کے لئے 10 کروڑ روپےکے ترقیاتی فنڈز مختص کئے تھے، لیکن 9 ارکان صوبائی اسمبلی اور 3 ارکان قومی اسمبلی کے ان حلقوں میں بجٹ کا صرف 45 فیصد ہی استعمال کیا جاسکا۔

ضلعی حکومت اور ارکان اسمبلی ایک ارب 65 کروڑ میں سے صرف 74 کروڑ 25 لاکھ روپے کے فنڈز ہی بروئے کار لا سکے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران 101 ترقیاتی اسکیموں میں سے تقریباً 25 فیصد ہی مکمل ہو سکیں، ڈی سی لاہور اس کی وجہ بجٹ مختص کرنے میں تاخیر اور کورونا کو قرار دیتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور میں قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈرز کو سات، سات کروڑ اور صوبائی اسمبلی کےٹکٹ ہولڈرز کو پانچ، پانچ کروڑ روپےکے ترقیاتی فنڈز دینے کا وعدہ کیا تھا مگر وہ انہیں ادا نہیں کئے گئے۔

تازہ ترین