کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم اب ایم ایل ون سمیت تما م کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں یہ منصوبہ بھی جلد شروع ہوجائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور میٹروپر اربوں روپے ضائع کردیئے گئے ،پاکستان ریلویز پرتوجہ نہیں دی گئی، وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ریلویزکی بہتری کےلئے کوئی بڑا قدم نہیں اٹھایا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ڈہرکی ریلوے حادثے پراظہارہمددری کیااوربتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تو مجھے معلوم نہیں لیکن اس کا حل ایم ایل ون منصوبہ ہی ہے ۔اس پر اعظم سواتی کام کر رہے ہوں گے ۔یہ ایکنک سے منظور ہوچکا ہے۔روہڑی گھوٹکی لائن 1886ء کی ہے اس کی حالت بہت خراب ہے۔چیئرمین ریلوے ٹھیک کہہ رہے ہیں ایم ایل ون اربوں ڈالر کا پروجیکٹ ہے لیکن جو لائن زیادہ خراب ہے اس کی مرمت کردینی چاہیے۔ وزیراعظم اب ایم ایل ون سمیت تما م کاموں میں دلچسپی لے رہے ہیں یہ منصوبہ بھی جلد شروع ہوجائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے بات چیت کرتے ہوئے کہ کہاکہ ڈہر حادثے سے متعلق وزیرریلوے اعظم سواتی سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔حادثے کی وجوہات سے متعلق حتمی طور پرکچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ گزشتہ تیس سال اقتدار میں رہنے والے لوگوں نے کوئی پالیسی نہیں بنائی۔ان سے ریلوے سمیت دیگر اداروں کی بہتری سے متعلق سوال پوچھنا چاہیے۔پاکستان میں ہر کام کو زیروسے شروع کرنا پڑتا ہے جس سے چیزوں کی بہتری میں وقت لگتا ہے۔لاہور میٹروپر اربوں روپے ضائع کردیئے گئے ، مگر پاکستان ریلوے پرتوجہ نہیں دی۔وزیرکا کام مسائل اوران کے حل کی نشاندہی کر نا ہوتا ہے اگر مسائل حل ہونے کے بعدکوئی حادثہ ہوتا ہے تو پھر ذمہ داری وزیرپر آتی ہے۔سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کے کئے گناہوں پر اعظم سواتی مستعفی نہیں ہوسکتے ۔