غلام مصطفیٰ عزیز
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایک مرتبہ پھر یونائیٹڈ عرب امارات (یواے ای) پہنچ گئی۔ کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ20میچز 9جون سے یونائیٹڈ عرب امارات کی سلطنت ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سپر لیگ 6 کے ابتدائی 14 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تھے جہاں ہونے والے سنسنی خیز مقابلوں نے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔لیگ میں شامل تمام ٹیموں کے چھ کپتان اب کراچی کے بجائے متحدہ عرب امارات کے صحرائوں میں ٹرافی کے حصول کی جنگ لڑیں گے۔
ابوظہبی کا یہ میدان اس سے قبل ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے چار میچز کی میزبانی بھی کرچکا ہے۔یہاں کھیلے گئے پی ایس ایل کے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل اور کیرون پولارڈ کی عمدہ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 165 رنز بنائے تھے۔ شین واٹسن نے احمد شہزاد کےساتھ 129 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔یہ وہی میدان ہے جہاں چوتھے ایڈیشن کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو بالترتیب 8 وکٹوں اور 43 رنز سے شکست دی تھی۔
پی ایس ایل کے اب تک ابوظہبی میں کھیلے گئے تمام میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسلام آبادیونائیٹڈ کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنانا یہاں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔اسی طرح ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کے خلاف 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنانا اس گرانڈ پر لیگ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ پاکستان سپر لیگ کا 2016 میں آغاز ہوا۔ لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام 24، دوسرے ایڈیشن کے 23، ایڈیشن 2018 کے 31 اور ایڈیشن 2019کے26 میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے۔
لیگ کا پانچواں ایڈیشن مکمل طور پر پاکستان میں کھیلا گیا جبکہ ایڈیشن 2021 کے ابتدائی 14 میچز کے بعد کورونا وائرس کے پھیلا ئوکے باعث 4 مارچ کولیگ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔کراچی لیگ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے اپنے پانچ میچزمیں 3 میچ جیتے ہیں جبکہ اسے 2 میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح سے وہ پوائنٹس ٹیبل پر فی الحال سرفہرست ہے۔
دلچسپ طور کراچی کنگز کے علاوہ تین ٹیموں بشمول پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد بھی 6 ہی ہے تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ 0.697کی بنیاد پر کراچی کنگزکو پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل ہے۔ٹورنامنٹ کے ابتدائی 14 میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے دونوں اوپنرز سب سے نمایاں ہیں۔ اس فہرست میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا نمبر پہلا ہے، جو اب تک پانچ میچز میں 297 رنز بناچکے ہیں،
نہوں نے تین نصف سنچریاں بھی اسکور کر رکھی ہیں۔کراچی کنگز کے اوپنر بابراعظم نے بھی لیگ کے پانچ میچز میں تین سنچریاں بنا رکھی ہیں۔۔سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں میں پشاور زلمی کے فاسٹ بالر ثاقب محمود ایونٹ کے پانچ میچز میں 12 وکٹیں حاصل کرکے اب تک لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے سب سے کامیاب بو لر ہیں۔فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ کے اعتبار سے اب تک چار میچز میں پانچ کیچز پکڑنے والے پشاور زلمی کے ٹم کوہلر کیڈمور ٹورنامنٹ کی کراچی لیگ کے فیلڈنگ چارٹ میں سر فہرست رہے۔
انہی کی ٹیم کے ساتھی شعیب ملک اب تک ٹورنامنٹ میں چار کیچز پکڑ چکے ہیں۔پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایک میچ میں199 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 202 رنز کا مجموعہ کراچی لیگ میں شریک کسی بھی ٹیم کا ایک اننگز میں سب سے بڑا اسکور ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا 118 رنز تک محدود رہنا اب تک ٹورنامنٹ کا سب سے کم مجموعہ ہے۔