سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے ہمیں کوئی سروکار نہیں بلکہ صوبہ ہمارا مطالبہ ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے ڈہرکی ٹرین حادثہ سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرین حادثے پر صدمہ ہوا ہے، ٹرین حادثات پر انکوائری اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
یوسف گیلانی کا کہنا تھا کہ سانحہ کے متاثرین کی امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریک سے متعلق وارننگ دی گئی تو ہدایات پر عمل نہ کرنا کوتاہی ہے، انکوائری کے لیے ایک وقت کا تعین ضروری ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے کب مطالبہ کیا تھا کہ ہمیں سیکرٹریٹ چاہیے، ہمیں سیکرٹریٹ سے سروکار نہیں بلکہ صوبہ ہمارا مطالبہ ہے۔