• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی سب سے مقدم ہے‘ چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) ایگزیکٹو باڈی کے سکبدوش ہونے والے عہدیداران کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر فیصل جاوید اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کے علاوہ پی آر اے کی ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداران اور دیگر صحافتی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور قومی سلامتی سب سے مقدم ہے اور پی آر اے پارلیمنٹ کا حصہ ہے جو ایک متحرک تنطیم بن چکی ہے اور ایوان کیلئے ایک اثاثے کی حیثیت رکھتا ہے۔ صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل سے واقف ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ظہرانے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی موجودہ ایگزیکٹو باڈی کو کامیابی کے ساتھ اپنی مدت پوری کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، جس طرح متحرک انداز میں پی آر اے کی سابق باڈی نے پارلیمانی رپورٹرز کی فلاح و بہبود اور آزادی صحافت کے لئے اپنا کردار ادا کیا اس پر سابق صدر اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پی آر اے کو PIPS سے معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے۔ جہاں باقاعدہ کورسز، سیمینارز، ورکشاپ کروائے جاسکتے ہیں۔ مجھ سے سرپرست اعلیٰ پی آر اے حافظ طاہر خلیل نے متعدد بار درخواست کی کہ پی آر اے کے آفس کو منتقل کیا جائے اور ایک بڑا آفس دیا جائے کیونکہ پارلیمانی رپورٹرز کی تعداد بڑھ رہی ہے تو میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اسمبلی سیکرٹریٹ اس حوالے سے ان کے ساتھ مکمل تعاون اور مدد کرے گا۔ ظہرانے کے موقع پر سینئر صحافی و کالم نگار حافظ طاہر خلیل، صدر پی آر اے بہزاد سلیمی اور صدیق ساجد نے بھی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کا تعاون اور مسائل کے حل پر شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین