• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعدیہ جاوید نے تاجروں کے مریم نواز سے متعلق مطالبے پر کیا کہا؟


سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کراچی کے تاجروں کے مریم نواز کو سندھ کا انتظام دینے کے مطالبے پر ردعمل دیا ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں سندھ حکومت کی ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف بیان پر کہا کہ خوشامدیوں سے رٹا لگوائی بات کہلوانے سے زمینی حقائق نہیں بدلے جاسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک چاپلوس کی بات کو باشعور، باوقار تاجر برادری کا بیانیہ کہنا بد دیانتی ہے۔ کوئی سنجیدہ سیاستدان اور ذمے دار وزیر اپنے سامنے فضول بات برداشت نہیں کرتا۔

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ مخصوص تاجر ٹولا سازش کے تحت سندھ کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین کر رہا ہے، تاجروں کا مخصوص ٹولہ مختلف فورمز پر بزنس کے علاوہ ہر چیز پر بات کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ناعاقبت اندیش دوستوں سے گزارش ہے کہ جمہوریت شطرنج نہیں ہے کہ مہرے کو اُٹھا کر دوسری جگہ رکھ دیا جائے، عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حقیقی معنوں میں تاجر دوست صوبہ ہے، سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت درجنوں منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے یہ منصوبے تمام صوبوں سمیت خطے کےلیے رول ماڈل ہیں، عوامی حکومت اور تاجر برادری سندھ اور ملک کی خوشحالی کےلیے ایک پیج پر ہیں۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ متنازعہ نہروں پر مراد علی شاہ کے دوٹوک موقف پر یہ بےتکی باتیں کی جارہی ہیں، پیپلز پارٹی متنازعہ نہروں اور دریائے سندھ کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔

قومی خبریں سے مزید