• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کی روک تھام کیلئے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرینگے، شیخ رشید

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان کیلئے امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری لیسلی وی ویگیوری نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ 

وزارت داخلہ کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث مجرم عمر شیخ، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے کیسوں میں کارروائی کو مزید تیز کرنے کے خواہشمند ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکومت نے دو نئے قوانین نافذ کیے ہیں، امید ہے نئے قوانین پاکستان میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بہت مدگار ثابت ہونگے۔ 

انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے پاک -افغان سرحد پر باڑ بھی بہت موثر ثابت ہورہی ہے۔ پاکستان نے گذشتہ برس انسانی سمگلنگ میں ملوث دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ 

امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہاکہ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (آئی این ایل)مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کررہا ہے۔ 

وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان میں منشیات کنڑول کے حوالے سے سخت ترین سزائیں موجود ہیں۔انہوں نے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کو یقین دلایا کہ پاکستان منشیات کی روک تھام کے حوالے سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرے گا۔

تازہ ترین