• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہل اور کرپٹ حکومت اکثریت کے زور پر بجٹ پاس کرالے گی، شاہد خاقان

اسلام آباد(خبرایجنسی)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہے نااہل اور کرپٹ حکومت اکثریت کے زور پر بجٹ پاس کرالے گی،3سال میں قومی اسمبلی مفلوج ، معیشت تباہ ہوگئی، ہماری حکومت ہوتی تو جی ڈی پی 398 ارب سے زیادہ ہوتا، موجودہ حکومت ملک کی مشکلات دگنی کرنے کے علاوہ کچھ نہ کر سکی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب سے سستی بجلی نواز شریف نے لگائی، اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق نواز شریف کے لگائے ایل این جی پاور پلانٹ سے 3 سال میں 234 ارب روپے کا پاکستان کو فائدہ ہوا، ہم نے ایک بھی ایل این جی کا معاہدہ نہیں کیا جبکہ دنیا ہمیں 4 ڈالر میں ایل این جی دے رہی تھی اور ہماری اپنی گیس 6 ڈالر کی بنتی ہے،اس وقت 24 ہزار میگاواٹ بجلی بن رہی ہے جس میں سے 12 ہزار سے زائد مسلم لیگ(ن)کے دور حکومت میں لگائے گئے پلانٹس سے بن رہی ہے ،شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وال اسٹریٹ جنرل میں رپورٹ آئی ہے کہ ہم نے سیکورٹی کے سودے کرکے اور امریکا کو بیس دے کر آئی ایم ایف سے قرضے لیے ہیں،انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کی حکومت کے آخری مہینے میں پاکستان میں صفر لوڈ شیڈنگ تھی، اگر ہم بجلی نہ لگاتے تو آج 16 گھنٹوں کی ملک میں لوڈ شیڈنگ ہوتی،ملک کے حکمران معاملات سے بے پرواہ ہیں، ٹرین حادثے میں سیکڑوں گھر اجڑ گئے مگر وزیر اعظم قوم سے معافی تک نہ مانگ سکے،یہ چوری کے الیکشن سے آئے ہیں، جو عوام کے ووٹ سے نہ آئے ہوں وہ عوام کی تکلیف بھی نہیں جان سکتے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو آج ملک کا جی ڈی پی 398 ارب روپے سے زیادہ ہوتا، پاکستان 25 فیصد زیادہ امیر ہوتا اور ہمیں دفاعی سودے کرکے کسی سے قرضے نہ لینے پڑتے۔

تازہ ترین