کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت بجٹ خود نہیں بناتی، ای میل کے ذریعے آئی ایم ایف سے بجٹ موصول ہوگا جو وزیر خزانہ نے اسمبلی میں پیش کر دینا ہے
تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ شدید گرمی میں بجلی کی طلب میں انتہائی اضافہ ہوا جو مون سون شروع ہوتے ہی بجلی کی طلب میں کمی آئے گی،سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ دو سال بعد انتخابات کی وجہ سے یقینی طور پر پی ٹی آئی کی حکومت آنے والے حالیہ بجٹ اور اگلے سال کے بجٹ میں ریلیف فراہم کرے گی
اپوزیشن انتشار کا شکار ہے ، اگر وہ متحد نہ ہوئی تو عوام سوال ضرور کرے گی ۔رہنما پی ٹی آئی صداقت علی عباسی نے ملک میں زائد لوڈ شیڈنگ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مستقل مسئلہ نہیں شدید گرمی میں بجلی کی طلب میں انتہائی اضافہ ہوا جو مون سون شروع ہوتے ہی بجلی کی طلب میں کمی آئے گی
بجلی کی موجودہ ٹرانسمیشن لائن اضافی طلب کی ترسیل کے لئے کافی نہیں ، بجلی کی ٹرانسمیشن لائن پر کام کرنے کی ضرورت ہے ،گزشتہ حکومت نے بجلی کی پید اوار میں ا ضافہ کیا لیکن اس کی ترسیل کا نظام موجود نہیں ، ایسی زائد بجلی کا کوئی فائدہ نہیں جس کی ادائیگی قوم کرے لیکن استعمال نہ ہو ،دو سے تین دن میں تربیلا کا فالٹ دور کر دیا جائے گا جس سے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا ۔
اپوزیشن کی دنوں جماعتیں آپس میں ڈٹی ہوئی حکومتی بجٹ پاس ہونے میں مشکلات کتنی ، رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو بجٹ کے معاملے پر ٹف ٹائم دینے پرمتحد ہیں اور آپ دیکھیں گے کہ اپوزیشن بھرپور کردار ادا کرے گی
بجٹ نمبرز کے مطابق پاس ہوتا ہے ، اس کے باوجود اپوزیشن عوام کی فلاح اور کسی بھی قسم کے اضافی اور غیر ضروری ٹیکس پر عوام کی آواز ضرور بلند کرے گی، ابھی اطلاعات ہیں کہ بجٹ میں پیشنرز پر ٹیکس عائد کرنے جا رہی ہے جس کی ہم شدید مخالفت کریں گے
مسلم لیگ ن پری بجٹ سیمینار کر چکی ہے جس میں کاؤنٹر بجٹ تجاویز پیش کی گئیں،دنیا کے کسی ملک میں بجٹ سے 6ہفتے قبل وزیر خزانہ ، 3 ہفتے قبل سیکریٹری خزانہ تبدیل نہیں ہوتا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت بجٹ خود نہیں بناتی، ای میل کے ذریعے آئی ایم ایف سے بجٹ موصول ہوگا جو وزیر خزانہ نے اسمبلی میں پیش کر دینا ہے ۔
سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ آنے والے بجٹ اور وزیر اعظم کی تقاریر میں مثبت اشارے مل رہے ہیں لیکن اس کے اثرات مڈل اور لوئر کلاس تک پہنچانے کے لئے ضروری ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ، نوکریوں کے ذرائع پیدا ہوں لہٰذا صرف تقاریر سے کام نہیں چلے گا ،عملی طور پر عوام کو اعتماد میں لینے کی اشد ضرورت ہے
دو سال بعد انتخابات کی وجہ سے یقینی طور پر پی ٹی آئی کی حکومت آنے والے حالیہ بجٹ اور اگلے سال کے بجٹ میں ریلیف فراہم کرے گی ، اپوزیشن انتشار کا شکار ہے ، اگر وہ متحد نہ ہوئی تو عوام سوال ضرور کرے گی ۔
سینئر صحافی نسیم قریشی نے بتایا کہ بجٹ کے حوالے سے حکومتی مشکلات ختم ہوگئی ہیں جہانگیر ترین گروپ کے ارکان کو فنڈز مہیا کر دئیے گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی کسی قسم کی رکاوٹ نہ بننے کا پیغام موصول ہو گیا ہے ۔کینیڈا میں مسلم فیملی کا بیہمانہ قتل اور کینیڈین وزیر اعظم کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خاتمے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے مذہبی اسکالر ڈاکٹر خالد ظہیر نے کہا کہ یقیناً ایک تشویشنال واقعہ ہے اس سے واضح ہو گیا کہ مغرب میں اسلامو فوبیا ایک حقیقت ہے
جسٹن ٹروڈو اور اس سے قبل نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کی جانب سے اسلامو فوبیا کیخلاف سخت رد عمل سے یقیناً فرق پڑے گا ، کسی ایک شخص کی جان لینا پوری انسانیت کی جان لینے جیسا گھناؤنا عمل ہے ، لیکن اس کا ادراک اسی وقت ہو سکتا جب ہم مسلم ممالک میں اقلیتوں کی جان مال اور عزت کا تحفظ اور مذہب کی مکمل آزادی فراہم کی جا ئے ۔