• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر انتخابات، ن لیگ، PTI اور PP میں معرکہ آرائی ہوگی

اسلام آباد ( طارق بٹ ) آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں تین بڑی سیاسی جماعتیں اپنی قسمت آزامائی کریں گی ۔انتخابی مہم بھی بڑی دھوان دھار ہو گی ۔ انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے ۔ انتخابی میدان میں موجود تین بڑی سیاسی جماعتوں میں تحریک انصاف ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی شامل ہیں ۔ آزاد کشمیر میں ووٹرز کی کل تعداد 3220546 ہے ۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر نے کا عمل ہموار رہا اور کوئی بڑی کشمکش دیکھنے میں نہیں آئی لیکن تحریک انصاف میں انتخابات کے لئے کوئی انچارج نظر نہیں آیا ۔اس حوالے سے گلگت و بلتستان کے گزشتہ عام انتخابات میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے انتخابی عمل میں تحریک انصاف کے لئے بنیادی کردار ادا کیا تھا ، حریف جماعتوں سے وہی نمٹتے رہے ۔ مسلم لیگ (ن) جو گزشتہ پانچ سال سے ازاد کشمیر میں برسر اقتدار ہے ، اس نے گزشتہ انتخابات میں جیتنے والے تمام امیدواروں کو اس بار بھی ٹکٹ دئے ہیں ، اس کے بر خلاف گلگت و بلتستان میں ن لیگ کے جیتنے والوں نے وفاداریاں تبدیل کر کے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی ۔مذکورہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے کوئی اتحاد بنانے کے بجائے آزادانہ و تنہا ہی انتخابات لڑنے کو ترجیح دی ہے ۔

تازہ ترین