• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی ایچ اے کیلئے سہالہ کی 188 کنال زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی ایچ اے کیلئے سہالہ کی 188 کنال زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے، عدالت نے ڈسٹرکٹ کلیکٹر ، ڈی ایچ اے اور سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جون تک جواب طلب کر لیا ہے، ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کنیز فاطمہ سمیت دو بیوائوں کی درخواست کی سماعت کی جس میں سہالہ کی زمین ایکوائر کرنے سے متعلق 19 مارچ 2021 کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا گیا تھا، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد کی حدود میں سی ڈی اے کی منظوری اور ماسٹر پلان کے مطابق ہی عوامی مفاد میں زمین ایکوائر کی جا سکتی ہے مگر نجی مفاد سامنے رکھ کر زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، ڈی ایچ اے کے پاس اختیار نہیں تھا کہ وہ سی ڈی اے کی پیشگی اجازت کے بغیر لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر سے رجوع کرے،لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر نے ڈی ایچ اے کیلئے سہالہ میں 188 کنال زمین ایکوائر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، اس پر عدالت نے مذکورہ حکم جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

تازہ ترین