• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت‘ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں‘ ن لیگ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال،میر وائس کاکڑ ،ایڈووکیٹ طارق محمود بٹ، ایڈووکیٹ ارباب اقبال ،ذاکر بنگلزئی عالم کاسی، آصف حریفال ،شاہ مسعودکاکڑ، خدائیداد ترین، رازق لالہ ،محمد دین کاکڑ، ضمیر اختراورغلام آغا نے بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے شہری کئی روز سے پانی کی قلت کا شکار ہیںجبکہ پشین اور قلعہ عبداللہ میں پی ایچ ای کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ واسا عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی میں ناکام ہوگیا شدید گرمی میں عوام پانی کے حصول کیلئے ٹھوکریں کھانے پر مجبور اور ٹینکر مافیا کےرحم و کرم پر ہیں جو عوام کو مہنگے داموں ٹینکر فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشین قلعہ عبداللہ میں پی ایچ ای کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے محکمہ میں قانون اور رول نام کی کوئی چیز نہیں کوئی افسرکسی کو جواب دہ نہیں ہوتا بیان میں حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کو کسی صورت بے یار ومددگار نہیں چھوڑے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیسکو کی جانب سے پورے شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔سخت گرمی میں ساری رات اور دن کے اوقات آنکھ مچولی شروع ہوجاتی ہے جبکہ کم وولٹیج کی وجہ سے قیمتی الیکٹرانک اشیاء کا جلنا معمول بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو حکام فوری طور پر شہر میں غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں اور عوام کی مشکلات سے نجات دلائیں۔ درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے سپیرہ راغہ روڈ کی عدم تکمیل کیخلاف سیاسی و سماجی تنظیموں اور عوامی حلقوں کی جانب سے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ روڈ2008 سے مکمل نہ ہوسکا جس کی وجہ سے30ہزار سے زائد کی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں مذکورہ روڈ کیلئے کثیر رقم مختص کرے اور عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے روڈ کو جلدمکمل کرے۔
تازہ ترین