وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ڈیفنس فیز 6 میں لیبارٹری کا افتتاح کردیا ہے۔
نجی لیبارٹری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں اور میڈیا سے گفتگو میں ناصر شاہ نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ جلد از جلد کورونا ویکسین لگوالیں۔
انہوں نے کہاکہ ویکسی نیشن کے لیے توقعات سے کم لوگ آرہے ہیں، ہم اس حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ حکومت دور دراز علاقوں میں بھی ویکسی نیشن کے لیے اقدامات کررہی ہےجبکہ بیرون ملک پڑھنے والے طلبا کو فائز ویکسین لگارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ کورونا ویکسین کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کیخلاف قانون اپنا راستہ اپنائے گا، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور فوری ویکسی نیشن کرائیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں ویکسی نیشن سینٹرز قائم کردیئے گئے ہیں، لیکن شہری توقعات کے مطابق ویکسین نہیں لگوارہے۔
انہوں نے کہاکہ شہری ویکسین لگوائیں کیونکہ کورونا سے بچنے کا واحد راستہ ویکسی نیشن ہے، سندھ کے دوردراز علاقوں میں بھی ویکسی نیشن کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں تاکہ صوبے کو وباسے محفوظ رکھ سکیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بہت سے ممالک صرف فائزر لگانے والوں کو ویزے دے رہے ہیں، اس لئے بیرون ممالک میں پڑھنے والے طلبہ اور کاروباری افراد کو ترجیحی بنیادوں پر فائزر ویکسین لگائی جارہی ہے۔