• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے عوام کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں اضلاع میں ڈور ٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سمیت دیگر تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیز کیا جائے۔

اس موقع پر صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر 4 لاکھ 30 ہزار افراد کو رونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں ہر ڈویژن میں روزانہ ویکسین لگانے کے اہداف بھی مقرر کیے گئے۔

دوران اجلاس لاہور ڈویژن کے لیے 97 ہزار بشمول 60 ہزار ضلع لاہور کے ویکسین لگانے کا ہدف طے پایا۔

ڈیرہ غازی خان کے لیے روزانہ 12 ہزار، بہاولپور کے لیے 25 ہزار 900 اور سرگودھا ڈویژن کے لیے 21 ہزار کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ راولپنڈی کے لیے 59 ہزار 200، ساہیوال ڈویژن کے لیے 18 ہزار 500، ملتان ڈویژن کے لیے 44 ہزار 400 کورونا ویکسین روز لگائی جائیں۔

اس موقع پر گوجرانوالہ کے لیے 77 ہزار 700 جبکہ فیصل آباد کے لیے روزانہ 74 ہزار کورونا ویکسین لگانے کا ہدف دیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈویژنز اور اضلاع کے لئے نظرثانی شدہ اہداف مقرر کردیےگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 677 سینٹرز کے علاوہ 223 موبائل ویکسی نیشن کیمپ بھی قائم ہیں، این سی او سی کی گائیڈ لائینز کے مطابق اہداف کو پورا کرنا ہوگا۔

تازہ ترین