کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااورتاجررہنماؤں سے ملاقات کی،پی ٹی آئی ورکرز کے ہمراہ موٹرسائیکل پراسد عمرکراچی کے مختلف علاقوں میں گئے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔اس موقع پراسد عمرکا کہنا تھا کہ کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے،وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ وفاق کے ترقیاتی کاموں سے ناراض ہیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر اسد عمرنے پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی تحریک انصاف کراچی کے صدرخرم شیرزمان تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیرخان رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج دیگرکے ہمراہ برنس روڈ ودیگرعلاقوں کا دورہ کیا اور وزیراعظم عمران خان کے دیے گئے فنڈز سے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا،اسد عمر نے تاجر ایکشن کمیٹی کے صدر عتیق میر سے ملاقات بھی کی اوران سے کراچی کے تاجروں کے مسائل پرتبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی شہری انتظامیہ کے پاس جو ماضی میں ادارے تھے اور بعد میں انہیں صوبائی حکومت نے لے لیا تھا انہیں شہری انتطامیہ کو دوبارہ واپس کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہاکہ گرین لائن منصوبے کے آخری 2 مراحل پر کام کا آغاز ہوگیا ہے اور امید ہے کہ جون تک بسیں بھی پہنچ جائیں گی اوراس امید کا اظہارکیا کہ رواں برس اگست میں کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گرین لائن کی شکل میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کا نظام چلنا شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ کے 4 فور منصوبے کو تیزی سے پایہ تکمیل پر پہنچانے،پاکستان ریلوے کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جنہیں تیزی سے آگے لے کرچلیں گے۔