• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خارجہ اور روسی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق دوران گفتگو شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان دو طرفہ تعلقات میں وسعت انتہائی خوش آئند ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، روس کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ روسی وزیرخارجہ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے، اس دورے میں اہم علاقائی و عالمی امور پرتبادلہ خیال کا موقع ملا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر ضمنی معاہدے پر دستخط مثبت پیشرفت ہے، توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لئے اس منصوبے کے جلد آغاز کے متمنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس کی طرف سے پاکستان سے چاول کی امپورٹ پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے دوران گفتگو روسی ہم منصب کا پاکستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

سرگئی لاروف نے اس موقع پر شاہ محمود قریشی کو کورونا ویکسین ’اسپیوٹنک‘ کی 5 ملین ڈوزز کی جلد فراہمی کیلئے یاد دہانی کروائی۔

تازہ ترین