اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس بجٹ کے خلاف بولنے کیلئے کچھ نہیں‘وزیر اعظم عمران خان کی سیاسی و معاشی حکمت عملی نے انہیں کلین بولڈ کر دیا ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماحکومت کی معاشی پالیسی پر کس منہ سے تنقید کریں گے جبکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی اپنی جماعت کے سابق وزیر خزانہ کی کمپنی نے ریکارڈ منافع کمایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے جبکہ پی ڈی ایم کی کھٹارا بس زوال کی اس کچی سڑک پر اتر گئی ہے جس کی آگے ڈیڈ اینڈ لکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی کر کے اپوزیشن کی گاڑی کیلئے سیاسی ڈیزل کا بحران پیدا کر دیا ہے۔