• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خون کے عطیات میں اضافہ کیا جائے‘ قاسم سوری

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ آج کا دِن اِس حقیقت کی یاددہانی ہے کہ دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ میں خون کی منتقلی اہمیت کی حامل ہے۔ قدرت نے بھائی چارے کے فروغ کیلئے انسان کیلئے انسان کا ہی خون درکار ہونا طے کیا۔ پیر کو ہلالِ احمر پاکستان کے زیراہتمام ”ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے“ کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تھلیسیمیا کے مریضوں کی تعداد اِس بات کی متقاضی ہے کہ خون کے عطیات میں اضافہ کیا جائے۔ تقریب میں چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز سمیت دیگر سینئر حکام، رضاکار، باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ ابرار الحق کو پوری دنیا جانتی ہے اِن کا انسانیت کی خدمت کیلئے کام سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں لوگوں کو خون کے عطیات کی بدولت نئی زندگی ملتی ہے، اِس کارِ خیر میں ہلال ِاحمر کے زیراہتمام ریجنل بلڈ ڈونر سنٹر کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ بلڈ ڈونر کی بروقت دستیابی کیلئے ہلالِ احمر کی جانب سے ایپ کی تیاری باعث ِ فخر ہے‘ کورونا ویکسی نیشن کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم قابلِ ستائش ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم کا آغاز کیا تھا تو سب سے پہلے قاسم سوری نے ہی خون کا عطیہ دیا مجھے اِن پر فخر ہے۔ انہوں نے اِس اَمر پر زور دیا کہ رضاکارانہ بنیادوں پر خون کے عطیات دینے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ تقریب سے 82 برس کی عمر میں 170 بار خون کا عطیہ دینے والے جنرل (ر)مصطفیٰ کمال اکبر نے بھی خطاب کیا،158 مرتبہ خون عطیہ کرنے والے مرتضیٰ برہانی نے اپنے عطیہ خون سے متعلق منظوم کلام پیش کیا۔ تقریب میں کاشف سلیمان، عاطف اعوان، مرزا متین، وقار الحسن اور مرزا عدیل کی خدمات کوبھی سراہا گیا۔
تازہ ترین