فرانس میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کے نمائندہ خصوصی تصور حسین تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی اقدامات کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں الیکٹرک بسوں کا آغاز، بچوں کے لیے اسکالرشپ، لیپ ٹاپس کی فراہمی اور سیلاب زدگان کی بحالی کے منصوبے اُن کی عوام دوست سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مخالفین ان منصوبوں پر تنقید کر رہے ہیں کیونکہ وہ پنجاب کی ترقی اور عوامی خوشحالی کو ہضم نہیں کر پا رہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان اوچھے ہتھکنڈوں کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ وہ کسی سے معافی نہیں مانگیں گی اور نہ ہی عالمی امداد کے نام پر اپنے عوام کو کشکول پکڑوائیں گی، وہ اپنی قوم کی عزتِ نفس پر آنچ نہیں آنے دیں گی۔
تصور حسین تارڑ نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو مشورہ ہے کہ الزام تراشی اور بے بنیاد تنقید چھوڑ کر اپنی حکومتوں میں عوامی خدمت پر توجہ دیں، محض سیاسی شعبدہ بازیوں سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کو ترقی اور عوامی سہولیات کی نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔