پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار فیروز خان ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے سبب شہ سرخیوں کی زینت بن گئے ہیں، ان کی انسٹا اسٹوری نے سوشل میڈیا پر تہلکا مچادیا ہے۔
گزشتہ روز اداکار نے دوسری اہلیہ سے متعلق متنازع انسٹا گرام اسٹوری کے بعد دعویٰ کیا کہ ان کا انسٹا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا، جس پر انہیں شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ روز فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر فیروز خان نے اسٹوری شیئر کی اور اپنی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے۔
انہوں نے کہا کہ اس رشتے میں رہنے کے لیے مجھ پر دباؤ ڈالا اور بلیک میل کیا جارہا ہے۔ میری والدہ اور بہن کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بعد یہ رشتہ میرے لیے ختم ہوچکا ہے۔
اداکار نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ میں اپنی والدہ اور بچوں کو سپورٹ نہ کروں ورنہ مجھ پر جھوٹے الزامات عائد کئے جائیں گے۔ انہوں نے اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ گھر واپس مت آنا، شکریہ۔
فیروز خان نے مزید وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ہر ایک کو مدد کی ضرورت ہوتی ہے اور مجھے بھی تھی، اس لیے میں یہ شیئر کر رہا ہوں، مجھے یقین ہے کہ میرے مداح مجھ پر یقین کریں گے۔ مجھے اس بات کا خوف نہیں ہے کہ کوئی مجھے نہیں جانتا، میں نے بہت سے پروجیکٹ پر کام کیا اور کبھی کسی کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں رہا، ہمیشہ نرمی سے بات کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ماہر نفسیات سے چیک اپ کرواتا رہا ہوں اور ادویات کا استعمال بھی کرتا رہا ہوں لیکن جو چیز مجھے پریشان کر رہی ہے وہ یہ ہے کہ کوئی مجھے میرے اپنے ہی لوگوں کی نظروں میں برا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے۔
مذکورہ انسٹا اسٹوری سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی اور تہلکا مچ گیا تاہم چند گھنٹوں بعد اداکار نے اسٹوری ڈیلیٹ کر کے وضاحت پیش کی اور کہا کہ میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا تھا۔
ان کی وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، بعض صارفین کے مطابق فیروز خان نے توجہ حاصل کرنے کے لیے پہلے خود ہی اسٹوری شیئر کی، پھر ڈیلیٹ کر کے ہیک ہونے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ ایسا وہ پہلے بھی کر چکے ہیں۔
اکثر صارفین دوسری اہلیہ کے ساتھ بھی معاملات خراب ہونے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ بعض صارفین اس تشویش میں مبتلا ہیں کہ آیا ان کا اکاؤنٹ واقعی ہیک ہوا تھا یا یہ معاملہ کچھ اور ہے۔