کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے پویلین اینڈ کلب اور الہ دین پارک سے شاپنگ ایریا گرانے کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ پویلین اینڈ کلب اور الہ دین شاپنگ ایریا غیر قانونی ہے،الہ دین پارک کو فوری اصل شکل میں بحال کیا جائے اور غیر قانونی تعمیرات مسمار کرکے ملبہ فوری ہٹایا جائے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) اور کمشنر کراچی2یوم میں کارروائی مکمل کر کے آج ( بدھ ) کو رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے تجاوزات کیس میں تحریری حکم نامے کہا ہے کہ گجر اور اورنگی نالہ کی توسیع کا کام مکمل کریں، عدالت نے تجاوزات کارروائی کیخلاف ٹریبونل اور سندھ ہائی کورٹ کا حکم امتناعی ختم کرتے ہوئے این ڈی ایم اے، سندھ حکومت کو کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔