اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی خواتین اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اراکین نے خواتین ارکان پر جملے کسے ، گندی گالیاں دیں،یہ جماعت سیاسی جماعت نہیں رہی، قبضہ مافیا اور غنڈوں کی جماعت ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی (ن)لیگی اراکین پر ایوان میں داخلے پر پابندی لگائیں ، پارلیمنٹ کی کارروائی کو چلانے کے لئے ضابطہ اخلاق مرتب کیاجائے۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کو وزیرمملکت زرتاج گل، پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری ،منزہ حسن ودیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل وزیر نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے مسلم لیگ (ن) کا یہی وطیرہ رہا ہے کہ ان سے کوئی بھی محفوظ نہیں، ان کا لیڈر بھگوڑا ہے، یہاں مائیں بہنیں عزت کے ساتھ سیاست کرنے آتی ہیں، ہمیشہ سیاست میں دلائل کے ساتھ بات کی جاتی ہے۔