اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے، اپنے رپورٹر سے ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت مضافات میں طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ، جڑواں شہروں میں بدھ کی دوپہر کالی گھٹائیں چھا گئیں جس کے بعد طوفانی بارش شروع ہو گئی جو تقریباً ایک سے سوا گھنٹہ جاری رہی۔ طوفانی بارش کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ، بعض سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جس کے باعث جہلم روڈ سمیت بعض شاہراہوں پر ٹریفک بری طرح سے جام رہی۔ دریں اثناء بارش کےدوران گلی محلوں میں نالیاں اور گٹر ابل پڑے اور صفائی کے دعووں کا پول کھول دیا۔میٹرو بس کے ٹریک سے بھی بارشی پانی مری روڈ پر گرتا رہا۔کئی جگہوں سے ٹریک سےنکاسی آب والے پائپ ٹوٹے ہوئے تھے۔جس سے پانی گزرنے والوں پر گرتا رہا۔