• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاز میں مسافر نے مجھے عاطف اسلم سمجھ لیا تھا: وسیم بادامی کا انکشاف

معروف صحافی اور میزبان وسیم بادامی نے انکشاف کیا ہے کہ جہاز میں ایک مسافر نے اُنہیں گلوکار عاطف اسلم سمجھ کر اُن سے آٹو گراف مانگ لیا تھا۔

حال ہی میں وسیم بادامی نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کو اپنی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ سُنایا۔

وسیم بادامی نے کہا کہ ’میں جہاز میں سوار تھا جو کہ اُڑان بھرنے کے لیے تیار تھا کہ اتنے میں ایک شخص میرے پاس آیا اور اونچی آواز میں مجھ سے کہا، مجھے آپ کا آٹوگراف چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اُس شخص کی فرمائش سُن کر حیران ہوگیا کہ سیلفیوں کے اس دور میں بھی لوگ آٹوگراف لیتے ہیں۔‘

وسیم بادامی نے کہا کہ ’میں جیسے ہی آٹوگراف لکھنے لگا تو اُس شخص نے مجھ سے کہا،سر آپ نے تاجدارِ حرم بہت ہی کمال پڑھا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے جیسے ہی اُس شخص کی یہ بات سُنی تو مجھے سمجھ نہیں آیا کہ میں اپنا سر کیسے اُٹھاؤں کیونکہ وہاں بہت مسافر تھے اور وہ شخص مجھے عاطف اسلم سمجھ رہا تھا۔‘

واضح رہے کہ عاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو کے 8ویں سیزن میں اپنی خوبصورت اور سحر انگیز آواز میں تاجدارِ حرم پڑھا تھا جسے پاکستان سمیت دُنیا بھر میں خوب مقبولیت ملی تھی۔ 

تازہ ترین