اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی قوانین میں ترامیم سے متعلق الیکشن کمیشن کے تحفظات دورکرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے نفا ذ کے بارے میں حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہو گا ،حکومتی ادارے اصلاحاتی عمل کو شفافیت سے انجام دینے کے لئے تعاون فراہم کریں گے ، ووٹ ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں 90لاکھ سمندر پار پاکستانیوں کو ان کا حق دینے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں انٹر نیٹ ووٹنگ کے لئے ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے بارے میں سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔صدر مملکت نے بیرون ملک مقیم 90لاکھ پاکستانیوں کو سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ووٹ کا حق دینے کے لئے موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری لانے کی ضرورت پر زو ر دیا۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے انٹرنیٹ ووٹنگ کی سہولت سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ شراکت داروں کے مابین رابطہ کاری کو بہتر بنایا جائے۔