• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک نہایت خوش آئند رپورٹ کے مطابق پاکستان نے 2020-21کے دوران افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے میں بھارت و بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا اور کورونا کے باوجود دو لاکھ 24ہزار 705افراد کو مختلف ممالک بھیج کر خطے کا لیڈر بن گیا ہے۔ اس عرصہ میں بنگلہ دیش نے دو لاکھ 17ہزار 699اور بھارت نے 94ہزار 145افراد روزگار کی غرض سے بیرون ملک بھجوائے۔ پاکستان کی اس کامیابی میں وزیراعظم عمران خان کی ذاتی کوششوں کا عمل دخل ہے۔ معاشی سروے کے مطابق 50ممالک میں ایک کروڑ 14لاکھ سے زائد اہل وطن روزگار کی غرض سے مقیم ہیں جبکہ ہماری افرادی قوت کا مرکز سعودی عرب ہے۔ یہاں دوسروں کے مقابلے میں پاکستانیوں کی شرح 60فیصد سے زیادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات میں یہ تعداد 24فیصد اور عمان میں 4.6فیصد ہے۔ 2020-21کا وفاقی بجٹ کورونا وبا کے باعث جن دگرگوں ملکی اقتصادی حالات میں تیار کیا گیا اس کے پیش نظر اہداف کے حصول کی اچھی توقعات نہیں تھیں تاہم ترسیلاتِ زر میں دو ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ حوصلہ افزا ثابت ہوا۔ ان میں سب سے بڑا حصہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کا مجموعی طور پر سات ارب ڈالر ہے جس کے بعد متحدہ عرب امارات 5.6، برطانیہ 3.7اور امریکہ سے 2.5ارب ڈالر کی ترسیلات آئیں۔ پاکستان کی افرادی قوت نے ہر شعبہ زندگی میں اہلیت، لگن اور انتھک محنت کے باعث نہ صرف ذاتی حیثیت سے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے بلکہ یہ ان ممالک میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث ہے۔ ان کی اس سال بھیجی ہوئی ترسیلات معاشی نمو میں تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے۔ تارکین وطن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں حب الوطنی اور پاکستان کی تعمیر وترقی میں ان کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ مادر وطن کے بہترین مفاد میں ان کے تمام ممکنہ مسائل حل کئے جائیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین