• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی،بیروزگاری ختم ہونے تک معیشت بدحال ہے، محمد زبیر


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن احتجاج کرے لیکن گالم گلوچ کی کوئی اجازت نہیں دے سکتا، تمام جماعتوں کو پارلیمنٹ میں بدتمیزی کے کلچر کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے

علی گوہر بلوچ نے بیہودہ نعرے لگائے جس سے اشتعال پھیلا، یہ چارٹر آف اکانومی کی نہیں چارٹر آف لوٹوکریسی کی بات کرتے ہیں، مریم صفدر کا گروپ شہباز شریف کی تقریر میں کیوں نعرے بازی اور گالم گلوچ کررہا تھا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محمد زبیر اور پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ بھی شریک تھیں جبکہ نائب صدر پنجاب (ایف او آر) محمد احسن ملک سے بھی گفتگو کی گئی۔

محمد زبیرنے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز شہباز شریف کو تقریر نہیں کرنے دینے کا پلان وزیراعظم آفس سے بنا کر آئے تھے ، گھٹیا بات اور ماں بہن کی گالیاں دینے میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے،جب تک مہنگائی ، بیروزگاری اور غربت ختم نہیں ہوتی معیشت بدحال ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران غلط زبان استعمال کی تو وزراء اپنی ہنسی چھپارہے تھے، علی گوہر نے جو نعرے لگائے وہ بالکل غلط بات ہے، پارلیمنٹرینز پارلیمنٹ میں گالم گلوچ کا کلچر فروغ دیں گے تو اس کے اثرات نچلی سطح پر بھی آئیں گے، افسوسناک طور پر شفقت محمود وزیرتعلیم ہو کر کتابیں مار رہے تھے،اپوزیشن کا وزیراعظم سے پارلیمنٹ میں آنے کا مطالبہ گالی نہیں ہے، پارلیمنٹ میں ڈونکی راجہ کے نعرے لگانا غلط ہے۔

تازہ ترین