• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد کے مصروف ترین کاروباری مرکز پی ڈبلیو ڈی روڈ پر جمعرات کو دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر موبائل شاپ کے مالک چوہدری منصور خالد کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا ، سانحہ کے خلاف تاجروں نے احتجاج کیا اور دکانیں بند کر دیں ، تھانہ لوہی بھیر پولیس نے نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔مقتول کی نعش پوسمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے۔دکاندار گوالمنڈی راولپنڈی کا رہائشی اور ڈاکٹر شفیق کا بھانجا ہے ،مقتول کی نمازجنازہ جمعہ دن دس بجے ان کے آبائی گائوں کلیام مغل میں ادا کی جا ئے گی ۔ وفاقی دارالحکومت میں9مختلف وارداتوں میں شہری تین کاروں، تین موٹر سائیکلوں، نقدی، موبائل و دیگر سامان سے محروم ہو گئے۔ آئی نائن پولیس نے موبائل ڈکیتی ،کراچی کمپنی پولیس نے موبائل فون وپرس کل مالیتی 7لاکھ 32ہزار روپے چھیننے، گھر سے نقدی و گھریلو سامان کل مالیتی 5لاکھ 60ہزارروپے چوری کے مقدمات درج کر لیے۔ بھاری مالیت کے متعدد چیک بھی ڈس آنر ہوگئے۔
تازہ ترین