• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رسی جل گئی پر بل نہیں گیا، ناصر شاہ کا خالد مقبول کو جواب


وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’رسی جل گئی پر بل نہیں گیا‘۔

کراچی سے جاری ایک بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر معاملے میں لسانیت کو لے کر آتی ہے، مردم شماری پر پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے واضح موقف ہے۔

انہوں نے کہاکہ خالد مقبول صدیقی کو کراچی کا اتنا درد ہے تو اس کا ثبوت دیں اور وفاقی وزارتوں سے استعفیٰ دیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ کراچی کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ ہر معاملے کو لسانیت تک نہ لے کر جائے، جب آپ نے اپنے قائد سے ترک تعلق کردیا ہے تو ان کی سوچ سے بھی علیحدگی اختیار کریں۔

ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کروا کر کراچی کا بیڑہ غرق کرنے والے تو آپ لوگ ہیں، اب روز آکر مگر مچھ کے آنسو بہاتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے باشعور عوام اب آپ لوگوں کو پہچان چکے ہیں اور اردو بولنے والوں کے نام پر اپنی جیبیں بھرنے والوں کو لوگ مسترد کر چکے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حلقہ 249 کے ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار کا چھٹے نمبر پر آنا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر پیپلز پارٹی کا پہلے دن سے واضع موقف ہے کہ سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا معاملہ ہر آئینی فورم پر اٹھایا ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی پر امن شہر بن گیا ہے اس کا امن و امان خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

تازہ ترین