• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر چیز کی ایک سائنس ہے اور کوئی بھی چیز بلاجواز نہیں بنائی گئی۔ اسی طرح ہر چیز کی ایک ترتیب بھی ہوتی ہے، جو اگر بگڑ جائے تو معاملات خراب ہوجاتے ہیں۔ کائنات کی ہر چیز اپنا اثر رکھتی ہے۔ تمام مظاہر فطرت سے نکلنے والی لہریں انسانی مزاج، رویوں اور سوچ پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ انسان کے جسم میں توانائی کی لہریں موجزن رہتی ہیں۔ 

یہ برقی رُو جذبات، خیالات اور عقائد پر مبنی ہیں۔ انسان کے جسم کی منفی و مثبت لہریں، اس کے اردگرد کے ماحول اور لوگوں کو متاثر کرتی ہیں، انھیں کی انرجی (Chi Energy) کہا جاتا ہے۔ اسی طرح گھر کے ماحول سے بھی توانائی کا اخراج ہوتا ہے۔ فینگ شوئی کا علم گھروں میں مثبت توانائی کو لانے اور منفی توانائی کو بھگانے کا کام کرتا ہے۔ 

یہ دروازوں، الماریوں اور اسٹورز میں غیر ضروری سامان کو مثبت توانائی کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا ہے۔ فینگ شوئی گھروں میں مختصر فرنیچر اور کھلے ہوادار کمروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جہاں روشنی کا بہاؤ گھر کو کشادگی عطا کرتا ہے۔ ماحول کا انسان کے مزاج پر گہرا اثر ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین اور جاپان میں گھروں کی عمارت سازی پر خاص توجہ دی جاتی۔ یہ گھر کھلے، ہوادار اور روشن ہوتے ہیں۔ فینگ شوئی کا لفظی مطلب ہوا اور پانی ہے۔ 

جب اسے گھر پر لاگو کیا جائے تو یہ ہمیں منفی توانائی کو مثبت میں تبدیل کرنے کا طریقہ بتاتا ہے۔ یہ کبھی مت سوچیے کہ فینگ شوئی تہمات کاعلم ہے، کیوں کہ کوئی وجہ تو ضرور ہے کہ انٹیریر ڈیزائنرز برسوں سے اِس کے اصولوں پر عمل پیرا رہے ہیں۔ ایک جگہ پر توانائی کے بہاؤ سے تعلق رکھتا فینگ شوئی آپ کے گھر میں آسان حرکت اور مثبت تاثر پیدا کرنے کا ایک شاندار ذریعہ ہے، مگر اِس پر یقین رکھنے والے کہتے ہیں کہ یہ اِس سے کئی گنا زیادہ مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ 

اگر آپ درست تراکیب پر عمل کریں تو آپ دیکھیں گے کہ آپ کے گھر میں آنے والی دولت بڑھ گئی ہے اور ایک خوبصورت اور کھلا ماحول تخلیق ہوا ہے۔ آپ اِس سے بہتر کچھ حاصل نہیں کر سکتے تو کیوں نہ ہم آپ کو ان تمام اہم تراکیب سے آگاہ کریں، جن کی آپ کو ضرورت ہو گی؟

داخلی راستہ کی اہمیت

اگر آپ کے گھر کا بیرونی حصہ پُرکشش نہیں ہے تو یہ مہمانوں کی پسند اور توجہ یا پیسے کو متوجہ نہیں کرے گا۔ اس لیے گھر کی تعمیر میں داخلی راستے کو انتہائی اہمیت دیں۔ اسے پُرکشش، روشن اور گھر میں داخلے کے لیے رسائی میں آسان بنائیں۔ آپ کے گھر کے داخلی راستے کو اپنی طرف خوشیوں اور مثبت توانائی کو کھینچ لانا چاہیے۔ آسان الفاظ میں یہ کہ داخلی دروازے کی خوبصورتی اور نفاست کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔

پانی کی اہمیت

جب آپ یہ سوچنا شروع کریں کہ فینگ شوئی کے اصولوں کے لیے مثبت توانائی کا مسلسل بہاؤ کس طرح ضروری ہے، تو آپ کو سمجھ آ جائے گا کہ آپ کو اپنے گھر میں کہیں نہ کہیں پانی کو نمایاں کرنا ضروری ہے۔ لہٰذا گھر کے بیرونی حصے میں واٹر فیچرکو ضرور شامل کریں۔

رنگوں کی اہمیت

آپ کے گھر میں درست رنگوں کی آمیزش آپ کی زندگی میں پیسہ، توازن، خوشی اور مثبت توانائی لانے کا سبب بن سکتی ہے، مگر یہ سب ان رنگوں پر منحصر ہے جو آپ چُنیں گے۔ سرخ، جامنی اور سبز مثبت رنگ ہیں، جو فینگ شوئی کی توانائی کے بہاؤ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور ان کے استعمالات بےحساب ہیں۔ اس طرح، آپ کے گھرکی دیواروں، فرنیچر اور کپڑوں وغیرہ سب ہی کو کچھ رنگ عطا کیے جا سکتے ہیں۔

پودوں کی اہمیت

گول پتوں یا سرخ پھولوں والے پودے آپ کے گھر میں دولت، توانائی، مثبت سوچ اور سکون کو کھینچ لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان فوائد کے علاوہ بھی قدرت کی کچھ خوبصورتی گھر میں شامل کرنا ایک اچھا اقدام ہوسکتا ہے۔ دروازوں کے قریب پودوں کے ہونے سے ایک کمرے سے دوسرے کمرے میں توانائی کا بہاؤ آسان رہتا ہے۔

بلارکاوٹ چہل قدمی کی اہمیت

گھر میں فرنیچر اور دیگر چیزوں کو اس طرح رکھیں اور سجائیں کہ گھر میں بلارکاوٹ چہل قدمی کی جاسکے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ بلارکاوٹ جایا جاسکے۔ سیدھے راستےاور آسانی سے گزرنے کی جگہیں، آپ کے گھر میں پیسے کی ترسیل میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ اگر آپ بہت ساری اشیا کو بے ترتیبی سے پھیلا کر راستے میں ڈال دیں گے، تو ایک اچھا تاثر قائم نہیں رہ پائے گا۔ اور آپ کے گھر کی بھرپور چمکنے کی صلاحیت بُری طرح متاثرہو سکتی ہے۔

ہوا کی گزرگاہ کی اہمیت

تازہ ہوا کے لیے گھر کی تعمیر میں کھڑکیوں کو جگہ دینا نہ بھولیں۔ کھڑکیوں کوروزانہ کھولنا صحت و صفائی سے بڑھ کر ہے۔ یہ ہوا کو تازہ دَم کرنے کے لیے بنیادی عنصر ہے۔ موسم ِ سرما میں بھی آپ کو کھڑکیوں کو روزانہ کھولنا چاہیے۔ پردے ہٹا کر سورج کی روشنی کو بھی اندر آنے دیں۔ سورج کی روشنی اور تازہ ہوا آپ کے دوست ہیں، کیونکہ تازہ ہوا آپ کے گھر سے منفی توانائی کو نکال باہر کرتی ہے۔

لیونگ روم کی اہمیت

لیونگ روم یا بیٹھک ایسی جگہ ہوتی ہے، جہاں گھر کے افراد اور مہمان بیٹھ کر خوش گپیاں لگاتے ہیں۔ بیٹھک کوگھر میں ایسی جگہ ہونا چاہیے، جہاں قدرتی روشنی کا گزر ہو۔ فرنیچر کی سجاوٹ بھی اسی طرح ہو، صوفے دیوار کے ساتھ رکھنا بہتر سمجھاجاتا ہے۔ کرسیاں یا ٹیبل ایسی جگہ نہ رکھیں، جہاں وہ دروازے یا آنے جانے کی جگہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی وجہ بن رہی ہوں۔

باغیچہ کی اہمیت

سبزہ زار، ہریالی اور پھول نہ صرف گھر کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں بلکہ گھر کے ماحول کو پرسکون بھی رکھتے ہیں۔ جگہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہو، گھر کے بیرونی حصے میں باغیچہ بنانے کی کوشش ضرور کریں۔ اگر یہ ممکن نا ہو تو کم از کم ٹیرس یا بالکونی میں باغیچہ کے لیے گنجائش ضرور نکالیں۔

تازہ ترین