وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کی دعوت دے دی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو تین سال گزرچکے ہیں، چوتھے سال سے الیکشن کی تیاری شروع ہوجاتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ تلخیاں ختم کر کے بہتر الیکشن کے معاملات کی طرف جانا چاہیے، ورنہ کتنے ہی شفاف الیکشن کیوں نہ ہوں، ٹرمپ اور بائیڈن والا حال ہوجائے گا۔
دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی اے پی سی بلانے کی حمایت کردی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متنازع حکومتی الیکشن بل پر کُل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کو جواب دیا کہ ہم آپ کے اس اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔