وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 2 ہزار اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں پاسپورٹ مل سکتا ہے، عمران خان حکومت میں تین لاکھ ویزے جاری ہوئے ہیں، ایگزٹ ویزا بھی آن لائن ہوگیا ہے، تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں نادرا آفس کھل رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں مہنگی بجلی کے معاہدے کیے گئے تھے، جتنے مسائل پیدا ہوئے وہ مہنگی بجلی کے باعث پیدا ہوئے، سب ہی لوگ آئی ایم ایف کے پاس مجبوری کےتحت ہی جاتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے نو بلین ڈالرز بھیجے ہیں، پاکستان میں بجلی سستی ہوجائے تو بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چار سال کی حکومت کے بعد لوگ الیکشن میں اتر جاتے ہیں، پاکستان میں وہ وقت آگیا ہے کہ ہمیں تلخیوں کو ختم کرنا ہے، تمام جماعتوں کو مل کر الیکشن اصلاحات کے لیے بیٹھنا چاہیے۔