• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نامور کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھی مگر اداکاری میں آگئی، سدرہ نیازی

کراچی (این این آئی)اداکارہ سدرہ نیازی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری سے قبل صحافت میں تھیں اور وہ نامور کرائم رپورٹر بننا چاہتی تھیں مگر اداکاری کے شعبےمیں آ گئی۔سدرہ نیازی نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں ایاز سموں، نوال سعید اور وسیم بادامی کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں تمام شخصیات نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔سدرہ نیازی نے بتایا کہ انہوں نے صحافت میں تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انہوں نے بطور صحافی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔اداکارہ کے مطابق وہ لاہور میں کسی نیوز چینل میں کرائم رپورٹنگ کرتی تھیں اور ان کی شروع سے ہی خواہش تھی کہ وہ صحافت میں ہی رہیں۔سدرہ نیازی نے بتایا کہ جب انہوں نے ایک سے دوسرے نیوز چینل میں جانا چاہا تو انہیں نیوز کاسٹنگ کی پیشکش کی گئی مگر انہوں نے انکار کردیا، کیوں کہ انہیں ہر وقت اسکرین پر آنے کا شوق نہیں تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ صحافتی کیریئر کے دوران ہی ان کی ملاقات سلطانہ صدیقی سے ہوئی، جن سے انہوں نے اسکرپٹ پر کام کرنے سے متعلق تجویز مانگی تو سلطانہ صدیقی نے انہیں اسکرین پر آنے کا مشورہ دیا۔سدرہ نیازی نے کہا کہ صحافت اور رپورٹنگ کرتے کرتے وہ پہلے ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، پھر انہوں نے ایک جاننے والے ڈائریکٹر کی ٹیلی فلم ’لال‘ میں کام کیا، جس کے بعد وہ فل ٹائم اداکارہ ہی بن گئیں۔سدرہ نیازی نے کہا کہ اب تک بہت کم کام کیا ہے مگر انہیں اچھے کام کی وجہ سے کافی شہرت ملی ہے اور لوگ انہیں ان کی آواز سے ہی پہچان لیتے ہیں۔کرائم رپورٹنگ کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے سدرہ نیازی نے بتایا کہ انہیں ایک بار کوٹ لکھپت جیل میں غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم کے انٹرویو کرنے کا موقع ملا اور وہ ان کا انٹرویو کرکے ڈر گئیں۔

دل لگی سے مزید