• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوالیفائر میں شکست، ملتان سلطانز پہلی بار فائنل میں


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو مات دے کر ملتان سلطانز پہلی بار فائنل میں پہنچ گئی۔

ملتان سلطانز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایونٹ کی ٹاپ ٹیم اسلام آباد 31 رنز پہلے ہی ہمت ہار گئی۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی طرف سے عثمان خواجہ 70 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، دیگر بیٹسمینوں میں حسین طلعت 25، افتخار احمد 16 جبکہ محمد وسیم 13 رنز ہی بناسکے۔

اس سے قبل ملتان سلطانز نے صہیب مقصود کی نصف سنچری اور خوشدل شاہ اور چارلس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 20 اوورز میں 180رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 149رنز تک محدود رہی، یوں ایونٹ کا اہم میچ ملتان سلطانز نے31 رنز سے جیت لیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی نے 3، 3 جبکہ عمران طاہر نے 2 اور عمران خان نے 1وکٹ اپنے نام کی۔

سہیل تنویر کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، آج کے میچ میں شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس فائنل تک رسائی کا ایک موقع موجود ہے۔

آج کے دوسرے میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کی فاتح ٹیم سے اسے کل میچ کھیلنا ہے، مقابلے کی فاتح ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز سے پنجہ آزمائی کرے گی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری اور ٹاپ کے 3 کھلاڑی فقط 59 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 180رنز بنائے۔

ایونٹ کے دوسرے ٹاپ اسکورر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 6 کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں عاکف جاوید نے میدان بدر کیا۔

اس کے بعد اوپنر شان مسعود کا ساتھ دینے کے لیے صہیب مقصود آئے، جو ایونٹ کے تیسرے ٹاپ اسکورر ہیں۔

انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کو آگے بڑھایا، ملتان کی دوسری وکٹ 59 کے اسکور پر گری شان مسعود 25 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

شاداب کے اسی اوور میں رئلی روسو بھی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے، ایک ہی اوور میں دو ٹاپ بیٹسمین آوٹ ہونے سے ملتان سلطانز پر دباؤ بڑھ گیا۔

اس مشکل مرحلے پر چارلس اور صہیب مقصود نے 63رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

چارلس 122 کے مجموعے پر 41رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے، انہوں نے اننگز کے دوران 3 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔

ملتان سلطانز کا اسکور 137رنز پہنچا تو اننگز کے ٹاپ اسکورر صہیب مقصود 41 گیندوں پر 59 رنز بناکر فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے، انہوں نے اس دوران 3چھکے اور 7 چوکے لگائے۔

17ویں اوور میں صہیب مقصود کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان سلطانز کے بڑے ہدف کی امید دم توڑ گئی تاہم خوشدل شاہ نے 22 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ان کا ساتھ سہیل تنویر نے 12رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ بخوبی نبھایا۔

تازہ ترین