• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کوالیفائر: ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 181رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 181رنز کا ہدف دیا ہے۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری اور ٹاپ کے 3 کھلاڑی فقط 59 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 180رنز بنائے۔

ابوظبی میں جاری میچ میں لیگ کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ایونٹ کے دوسرے ٹاپ اسکورر اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 6 کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں عاکف جاوید نے میدان بدر کیا۔

اس کے بعد اوپنر شان مسعود کا ساتھ دینے کے لیے صہیب مقصود آئے، جو ایونٹ کے تیسرے ٹاپ اسکورر ہیں۔

انہوں نے آتے ہی جارحانہ انداز میں بیٹنگ کو آگے بڑھایا، ملتان کی دوسری وکٹ 59 کے اسکور پر گری شان مسعود 25رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

شاداب کے اسی اوور میں رئلی روسو بھی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے، ایک ہی اوور میں دو ٹاپ بیٹسمین آوٹ ہونے سے ملتان سلطانز پر دباؤ بڑھ گیا۔

اس مشکل مرحلے پر چارلس اور صہیب مقصود نے 63رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

چارلس 122 کے مجموعے پر 41رنز کی اننگز کھیل کر فہیم اشرف کا شکار بن گئے، انہوں نے اننگز کے دوران 3 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔

ملتان سلطانز کا اسکور 137رنز پہنچا تو اننگز کے ٹاپ اسکورر صہیب مقصود 41گیندوں پر 59رنز بناکر فہیم اشرف کی وکٹ بن گئے، انہوں نے اس دوران 3چھکے اور 7 چوکے لگائے۔

17ویں اوور میں صہیب مقصود کے آؤٹ ہونے کے بعد ملتان سلطانز کے بڑے ہدف کی امیدیں دم توڑ گئیں تاہم خوشدل شاہ نے 22گیندوں پر 42رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ان کا ساتھ سہیل تنویر نے 12رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ بخوبی نبھایا۔

واضح رہے کہ آج کے میچ کی فاتح ٹیم ایونٹ کے فائنل کے لیے براہ راست کوالیفائی کرجائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کے پاس پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کی فاتح ٹیم سے مقابلے کا ایک موقع موجود ہوگا۔

تازہ ترین