• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے پہلے ایلی منیٹر میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176رنز کا ہدف دیا ہے۔

ابوظبی میں جاری میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 175رنز بنائے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 176رنز کا ٹارگٹ دیا۔ کراچی کی جانب سے بابر اعظم، تھیسارا پریرا، شرجیل خان اور کپتان عماد وسیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم نے 45 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 6 چوکے لگائے، تھیسارا پریرا نے برق رفتار 37 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جبکہ شرجیل خان 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم نے 7 گیندوں پر 16 رنز بنائے، انہوں نے ایک چھکا اور ایک چوکا مارا۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض، محمد عرفان اور عمید آصف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عمران کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس میچ کی فاتح ٹیم آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرا ایلی منیٹر کھیلے گی، جس کی فاتح ٹیم 24 جون کو فائنل میں ملتان سلطانز کے مدمقابل ہوگی۔

تازہ ترین