• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کے حوالے سے توہین آمیز تقریر پر پی پی کارکن کو اظہار وجوہ کا نوٹس

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے چیف جسٹس کے حوالے سے عوامی اجتماع میں توہین آمیز تقریر کرکے سوشل میڈیاپر وائرل کرنے کے اقدام کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزم پیپلز پارٹی کراچی کے مقامی کارکن مسعود الرحمٰن عباسی کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے ۔

عدالت نے آئی جی سندھ کو ملزم کو نوٹس کی تعمیل یقینی بناتے ہوئے آئندہ سماعت پر اسکی حاضری یقینی بنانے،پیمرا اور ایف آئی اے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے جبکہ اٹارنی جنرل کو بھی عدالت کی معاونت کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن،جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل چار رکنی سپیشل بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو عدالت کے نوٹس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سہیل محمود پیش ہوئے ، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد مذکورہ بالا احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کردی ہے۔

تازہ ترین