اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)تھانہ آئی نائن پولیس نے اسلحہ کی نوک پر ٹارگٹڈ وارداتیں کرنے والا بلا گینگ گرفتار کرکے76لاکھ روپے کیش، جیولری، موبائل فون، موٹرسائیکل، اسلحہ برآمد کر لیا۔ تھانہ آئی نائن پولیس کو شہری نے درخواست دی کہ وہ اپنے ایک پارٹنر سے پیسے لینے کے لئے سٹیڈیم روڈ پر واقع سنوکر کلب میں آئے اور جب پیسے لے کر واپس گھر کی جانب جارہا تھا کہ نائنتھ ایونیو اشارہ پر موٹرسائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان ہم سے پیسوں والا تھیلا چھین کر فرار ہوگئے، آئی نائن پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر نے وقوعہ کا نوٹس اور ایس پی انڈسٹریل ایریا فدا حسین ستی کو ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی کی ہدایت کی۔ پولیس ٹیم نےملزم بلال عرف بلا کو ٹریس کیا جو اسی سنوکر کلب میں کام کرتا ہے اور اس سارے وقوعہ کا ماسٹرمائنڈ تھا، ملزم نے اپنے باقی ساتھیوں کا انکشاف کیا جس پر پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کے دوران چار ساتھی ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا، ملزمان میں گینگ کے سرغنہ بلال عرف بلا کے علاوہ میرواعظ ، آصف خان، صدام اور گل شیر شامل ہیں ۔