• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جان بوجھ کر ٹیکس ڈیفالٹ کرنے والوں کو گرفتار کریں گے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ جو افراد جان بوجھ کر ٹیکس ڈیفالٹ کریں گے انہیں گرفتار کریں گے، اس گرفتاری کی منظوری کا اختیار وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کے پاس رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ نے فیض اللّٰہ کموکا کی زیر صدارت ہونے والے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران کیا۔

انھوں نے بتایا کہ 7.2 ملین افراد کا ڈیٹا موجود ہے اور اسی ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکس نوٹسز بھی تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرے گا، جبکہ 100 فیصد آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔

شوکت ترین نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات جاری ہیں، عالمی مالیاتی ادارے نے 150 ارب روپے کے ٹیکسز لگانے کا کہا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمت 4 روپے 95 پیسے بڑھانے کا کہا ہے۔ 

انھوں نے بتایا کہ حکومت آئی ایم ایف کو کیپسٹی پیمنٹ روکنے کا پلان دیا، جبکہ اسے لائن لاسز کم کرنے کا پلان بھی دیا۔

شوکت ترین نے کمیٹی کو بتایا کہ آئی ایم ایف کو کہا سرکلر ڈیٹ میں اضافہ رک جائے گا، ریونیو میں اضافہ ہوگا۔

حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف تعلقات سے متعلق وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے سے تعلقات بہتر ہیں، آئی ایم ایف ستمبر میں چھٹا اور ساتواں جائزہ ایک ساتھ کرے گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 2.5 ارب ڈالرز کے یورو بانڈز جاری کیے جائیں گے، جبکہ سکوک بانڈز، گرین بانڈز اور پانڈا بانڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

ملک میں ٹیکس چوری پر بات کرتے ہوئی وزیر خزانہ نے کہا کہ جو افراد ٹیکس نیٹ میں نہیں آنا چاہتے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

تازہ ترین