• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی دونوں اپیلیں خارج


اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کردیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔

عدالت نے اپیلیں خارج کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کو ٹرائل کورٹ میں فیئر ٹرائل کا بھرپور موقع دیا گیا۔ جس کے بعد سزا کا فیصلہ ہوا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف ضمانت پر ہونے کے باوجود بیرونِ ملک چلے گئے اور اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف بغیر کسی مناسب اور جائز وجہ کے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ اس صورت میں عدالت کے پاس کو ئی راستہ نہیں کہ وہ کوڈ آف کریمنل پروسیچر 1898 میں فراہم کردہ طریقہ کار سے رجوع کرے اور نواز شریف کو قانون کا مفرور قرار دے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مفرور ہونے کی وجہ سے نواز شریف عدالت کے روبہ رو اپنا اپیل کا حق کھو بیٹھے ہیں۔ عدالت کے پاس اپیل مسترد کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں لہٰذا نواز شریف کی یہ اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ البتہ درخواست گزار جب بھی عدالت کے سامنے خود کو سرنڈر کرے یا حکام انہیں تحویل میں لیں وہ دوبارہ عدالت میں اپیل کرسکتے ہیں۔ اُس اپیل کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا۔

نوازشریف نے احتساب عدالت سے سنائی گئی سزاوں کے خلاف اپیل کی تھی۔

تازہ ترین