• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے وزیراعظم عمران خان کو کراچی کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان سے حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی اور کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ 

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دو تین امور پر بات چیت ہوئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ کراچی میں صنعتوں کی گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیراعظم کی توجہ دلائی، جس پر وزیراعظم نے بتایا کہ وہ گیس لوڈ شیڈنگ کے حل کے لیے کیا کوشش کر رہے ہیں۔

فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر جو ٹیکس عائد کیے گئے وزیراعظم نے انہیں ہٹانے کی یقین دہانی کروائی۔

انھوں نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی فنڈ کو سندھ حکومت کی ضد کے باوجود خرچ کرنے پر بات ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کی ہے، وزیراعظم کو دورہ کراچی کی دعوت دی ہے وہ ان شاء اللّٰہ اگلے ماہ کراچی آئیں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ریسپانس بہت اچھا تھا، ہم قومی مقصد کے لیے گئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ جب ہم کراچی کے لوگوں کے لیے بات کرتے ہیں تو پورے پاکستان کی بات کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اتحاد مضبوط ہے۔

تازہ ترین