اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ میں مانتی ہوں عمران خان کرپٹ نہیں،جھوٹے ، ناہل چور نہیں، یو ٹرن نہیں لیتے۔یہ سب زکوٹا جن کے کمالات ہیں۔ایک انا کا جن بھی ہے جس نے نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ہڈی توڑ بجٹ ہے،آج ہر پا کستانی ایک لاکھ 75ہزار روپے کا مقروض ہے،گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے نظام کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ،انا کا جن انہیں شہباز شریف سے مشاورت نہیں کرنے دیتا ۔اپوزیشن کے ممبران احتساب کی بدبو دار چھلنی سے نکل کر آئے ہیں ،عمران خان کا انا کا جن صرف دو مرتبہ چھٹی جاتا ہے۔ایک تب جب نواز شریف کے منصوبوں پر تختی لگانی ہو۔دوسرا تب جب نواز شریف کے بنائے منصوبے گروی رکھنے ہوں،آج مہنگائی، بے روزگاری بڑھ گئی، دوکروڑ افراد خط غربت سے نیچے چلے گئے۔مسلم لیگ ن کے رہنما پیرزادہ ریاض شاہ نے گزشتہ روزقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چولستان کے ٹبوں ٹیلوں پر قبضے ہو رہے ہیں،چولستان کی زمینوں پر ڈی ایچ اے بن رہا ہے جس رقبہ کی قیمت دو کروڑ روپے ایکڑ ہے وہ دو لاکھ روپے میں خریدی جارہی ہے چولستان میں زمین کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی تاکہ ڈی ایچ اے کی ہاوسنگ سوسائٹی بن سکے بغیر کسی پالیسی کے چولستان کی ٹیلوں پر قبضے ہوگئے ہیں چولستانیوں کے حقوق دیے جائیں ،میں نے پارلیمانی کی توقیر پر مبنی روایات دیکھی ہیں لیکن اب جو حالات دیکھے ہیں مجھے اللہ ہمت دے کہ اگلا الیکشن نہ لڑوں یہاں نئے صوبے بنانے کا جھوٹ بولا جاتا ہے جس کی آئین میں گنجائش نہیں،سپیکر کہتا ہے انہوں نے کسی وزیر کو ڈیسک پر چڑھے شور مچاتے نہیں دیکھا تو سر شرم سے جھک جاتا ہے میں صرف نواز شریف کا ساتھ نبھانے کے لیے سیاست میں ہوں ورنہ استعفیٰ دے دیتا ، شاہد خاقان عباسی نے ٹھیک کہا ہے کہ جرنیلوں کے گوشوارے بھی چھپوائے جائیں تاکہ پتہ چل سکے کرپشن کون کتنی کرتا ہے۔