کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امریکا نے افغانستان میں فساد برپا کیا تو خود بھی سکھ میں نہیں رہے گا،افغانستان میں خانہ جنگی ہوئی تو پاکستان کے تحفظ کیلئے زبردست تیاری ہے، پاک افغان سرحد پر 80فیصد باڑ لگ چکی ہے ایک مہینے میں کام مکمل کرلیں گے، محمود خان اچکزئی کی زبان اپنی بیان کسی اور کا ہے۔
اچکزئی کی سوچ پاکستان کی مشکوک ترین سوچ ہے ، محمود خان اچکزئی کا ایک ہی مشن پاک فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنا ہے، نواز شریف کی زندگی کی ضمانت صرف اللّٰہ ہی دے سکتا ہے، عمران خان کی پوری کوشش ہے نواز شریف کو واپس لایا جائے، برطانیہ کے ساتھ ڈیڑھ مہینے میں ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ ہوسکتا ہے۔
ن لیگ کا کوئی مستقبل نہیں دیکھتا ہوں، شہباز شریف کی ن لیگ میں کوئی حیثیت نہیں ہے، امریکا نے افغانستان میں فساد برپا کیا تو خود بھی سکھ میں نہیں رہے گا، افغان طالبان کو ٹی ٹی پی کو سمجھانا ہوگا، جیسے ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اسی طرح طالبان کو بھی افغانستان سے ٹی ٹی پی سمیت کسی قوت کو پاکستان میں مداخلت کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔
وہ جیوکے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہونے جارہا ہے اس کا ہمیں پہلے سے عندیہ تھا، عمران خان نے مشرف دور میں بھی کہا تھاکہ یہ غلط ہورہا ہے۔
پرویز مشرف سمجھتے تھے جہاں ہم دہشتگردوں کو ختم نہیں کرسکتے وہاں ڈرون کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، 80فیصد پاک افغان سرحد پر باڑ لگ چکی ہے ایک مہینے میں کام مکمل کرلیں گے، طورخم اور چمن بارڈر کو الیکٹرانک پر لارہے ہیں، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آگے مشرف سے پوچھا کیا صورتحال ہے۔
مشرف نے کہا یہاں دعا مانگو اسامہ بن لادن پاکستان میں نہ ہو، پرویز مشرف پر حملوں کے ڈانڈے القاعدہ سے ملتے تھے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کے فیصلے کا افغانستان سے مثبت فیڈ بیک آرہا ہے۔
افغان طالبان کیخلاف تاجکوں، ہزارہ برادری اور ازبکوں کو اکٹھا کیا جارہا ہے، پاکستانی حکومت اور ایجنسیاں اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے، طالبان اور دیگر لوگوں کے خاندان پاکستان میں رہتے ہیں، علاج کیلئے بھی وہاں سے لوگ پاکستان آجاتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزارت کی بھوک میں اپنی سوچ سے سمجھوتہ نہیں کرسکتا، اس بحران میں عمران خان کوا یک بڑا لیڈر بنتے دیکھ رہا ہوں، ن لیگ کہتی ہے نواز شریف کی زندگی کی ضمانت دی جائے یہ صرف اللّٰہ ہی دے سکتا ہے۔
نواز شریف کی حفاظت کیلئے جو سیکیورٹی چاہئے ہم دینے کیلئے تیار ہیں، نواز شریف دنیا میں واحد لیڈر ہیں جو چکمہ دے کر ملک سے بھاگتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی پوری کوشش ہے نواز شریف کو واپس لایا جائے، برطانیہ کے ساتھ مہینے ڈیڑھ مہینے میں ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ ہوسکتا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نواز شریف کے گولی دے کر جانے پر بہت دکھ اور غصہ ہے، نواز شریف جب سوشل میڈیا پر پاک فوج کو گالیاں دے گا تو پھر اس کی ملک میں کیا سیاست ہوگی، نواز شریف کی بیماری کا میڈیا نے ایسا شور ڈالا ہوا تھا جیسے صبح وہ مرجائیں گے۔
نواز شریف کے باہر جانے کی جوڈیشل انکوائری خوامخواہ اسے شہرت دینے والی بات ہوگی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کے بعد بہت تجربہ کار ہوچکی ہے، پاک فوج اب رائل ایلیٹ کلاس کی فوج نہیں رہ گئی مڈل کلاس کے لوگ آگئے ہیں۔
فوج میں پٹھان اور بلوچی بھی بڑی تعداد میں آگئے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ کو سیاچن کے بعد اپنا ٹور ارینج کرنے کیلئے کہنے والا ہوں، افغانستان میں خانہ جنگی ہوئی تو پاکستان کے تحفظ کیلئے زبردست تیاری ہے، افغان ایشو پر بہتر اپروچ رکھیں گے کسی کے آلہ کار نہیں بنیں گے۔