اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے کم عمری کی بنیاد پر قتل کے مقدمہ کے ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نےریمارکس دیئے کہ سارے مسائل اسی وجہ سے پیش آتے ہیں کہ پولیس ملزم سے مل جاتی ہےاور تفتیش نہیں کی جاتی، مقتول کے محلے میں قتل کی وجہ سب کو معلوم ہوگی، لیکن پولیس کو معلوم نہیں ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیر کے روز ملزم صاحب اللہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت کی تو عدالت نے استفسار کیا کہ قتل کی وجہ کیا تھی؟ استغاثہ کے وکیل نے کہا وجہ معلوم نہیں ہوسکی ،جس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ رویہ برداشت نہیں کیا جائیگا کہ ایک شخص نے دوسرے کو گولی مارکر قتل کردیا اورپولیس کو وجہ ہی معلوم نہ ہوسکی۔بعد ازاں عدالت نے کم عمری کے قانونی نکتہ کی بنیاد پر ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے پرملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کو نمٹا دیا۔