کراچی(اسٹاف رپورٹر) بر طانیہ کی جانب سے قومی ہاکی کے آٹھ ویٹرنز کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہ کرنے اور بھارتی ہاکی فیڈریشن کے انکار کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان اس ماہ انگلینڈ میں ہونے والی پاک بھارت ویٹرنز ہاکی سیر یز ملتوی کردی گئی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی اس سیریز کے التواء کی تصدیق کردی ہے، اس مقابلے کی میزبانی یارکشائر کے مقامی کلب کے پاس تھی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کلب نے اپنی ہاکی فیڈریشن سے اس مقابلے کی اجازت نہیں لی تھی اور نہ ہی ضروری کارروائی مکمل کی تھی، ویٹرنز سیریز 13 سے 15 مئی تک انگلینڈ میں شیڈول تھی جس کے لیے 13 قومی کھلاڑیوں میں سے صرف عاطف بشیر کو ویزہ جاری کیا گیا۔سیریز کے میچز13,14,15مئی کو شیڈول تھے جس میں پاکستان اور بھارت کے سابق ہاکی اسٹارز اپنی مہارت اور ماضی کے یاد گار لمحات کی جھلک دکھاتے، خبریں منظر عام پر آنے کے بعد انگلینڈ میں مقیم پاکستانی اور بھارتی کیمونٹی نے خاصی دل چسپی کا اظہار کیا تھا، سیریز میں پاکستان کی جانب سے قاسم خان ، محمدعمران ، وقار شریف ، طارق عزیز ، ریحان بٹ اور محمد ثقلین بھی ایکشن میں نظر آتے تاہم بھارتی حکومت نے اس سیریز میں اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کیا۔