• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت آٹا چینی کے بعد غریب بچوں کے تعلیمی وظائف بھی کھا گئی، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نون کی ترجمان اور رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نے بھٹہ مزدور بچوں کےتعلیمی وظائف بھی بندکردیے، نیازی حکومت آٹا چینی، رنگ روڈ کے پیسے کے بعد غریب بچوں کے تعلیمی وظائف بھی کھا گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑبچے پرائمری اسکول سے باہر ہیں، اسکول سے باہر بچوں کی دنیا کی دوسری بڑی تعداد پاکستان میں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مافیاز، کارٹلز، اے ٹی ایمز کو ٹیکس چھوٹ دے کر بھٹہ مزدور بچوں کی تعلیم کا بجٹ کھاگئے، غریب ترین اوراستحصال کا شکار بھٹہ مزدور بچوں کو تعلیم کےحق سے محروم کرنا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے قانون سازی سے بھٹہ مزدور بچوں کی تعلیم کے حق کو تحفظ دیا تھا، شہبازشریف نے ان بچوں کوتعلیمی وظائف دے کر اسکول میں داخلوں کی شرح بڑھائی۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عمران صاحب ان بچوں کو تعلیم سے محروم کرکے اپنے کنٹینروالے تمام لیکچر بھول گئے، ان غریب بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع چھین لینا مجرمانہ اقدام ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ عمران صاحب کیا آپ کو بھٹہ مزدور بچے نظر نہیں آتے؟ کہاں گیا آپ کا احساس؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھٹہ مزدور بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے، بھٹہ مزدور بچوں کی تعلیم کے حصول کے بنیادی حق کا عمران صاحب احترام کریں۔

تازہ ترین