• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی مرمت اور تزئین آرائش کے کم لاگت مشورے

گھر کی خوبصورتی اور اس کی اچھی تعمیراتی حالت کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ ہر کچھ عرصہ بعد اس کی مرمت اور تزئین و آرائش پر توجہ دیں اور ضروری خرچہ کریں۔ البتہ، جب گھر کی تزئین و آرائش کی بات آتی ہے تو لوگ سوچتے ہیں کہ گھر سجانے میں بجٹ کا کردار اہم ہوتا ہے۔ ہرچندکہ، بجٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، تاہم یہ کہنا بھی غلط ہوگا کہ بجٹ ہونے سے آپ کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ 

بجٹ آپ کو اس قابل ضرور بناتا ہے کہ آپ گھر کی سجاوٹ کا سوچیں، تاہم آپ گھر کو کس قدرخوبصورت اور زبردست سجاتے ہیں، اس کا دارومدار آپ کے ذوق اور تخلیقی صلاحیتوں پر ہے، جن کا استعمال کرتے ہوئے کم بجٹ میں بھی گھر کو انتہائی خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔ ذیل میں کچھ کم خرچ آئیڈیاز دیے گئے جارہے ہیں، جو کم بجٹ میں گھر کی تزئین و آرائش میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

پہلا تاثر

یقیناً یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ داخلی راستہ کسی بھی گھر کا پہلا تاثر ہوتا ہے۔ اس لیے داخلی راستے سے آغاز کریں اور اس پر نیا رنگ و روغن کروائیں۔ باوقار سیاہ رنگ آپ کے دروازے اور گھر کے داخلی راستے کو منفرد اور اسٹائلش بنادے گا۔ اگر آپ چاہیں توشوخ ، گہرے رنگوں کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں جیسے نیلا یا لال۔ – یہ سب آپ کے گھر کے اسٹائل اور ذاتی ترجیحات پر منحصر ہے۔

فرنیچر کا نیا رنگ و روغن

اس بات کا آپ کو بخوبی اندازہ ہوگا کہ نیا رنگ و روغن گھر کومکمل طور پر تبدیل کرسکتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر آپ گھر کے فرنیچر کا نیا رنگ و روغن کروائیں تو وہ بھی بالکل نیا نیا سال لگتا ہے۔ اپنے پرانے فرنیچر کی نئے رنگ و روغن سے تجدید کریں، آپ اس کے نتائج دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ اسٹوریج یونٹس اور کیبنٹس کو تازگی بخشتے ہوئے اپنے گھر کو نئی اسٹائلش وضع فراہم کریں، جس کے لیے آپ کو زیادہ پیسے بھی خرچ نہیں کرنے پڑیں گے۔

فرش تبدیل کریں

گھر کی تزئین و آرائش کرتے وقت کچھ کام کرنا ضروری ہوجاتا ہے، جو شاید آپ کو لگے کہ تھوڑا مہنگا ہے لیکن اس کے نتائج بھی اتنے ہی زبردست ہوتے ہیں۔ ایک عرصہ تک استعمال کے بعد، گھر کا فرش چاہے وہ ماربل کا ہو، لکڑی کا، ٹائل کا یا کسی اور مواد کا، خراب ہونے لگتا ہے، ایسے میں تہہ دار فرش کا بدلنا ضروری ہوجاتا ہے۔ یہ کام آپ کے گھر کو فوری طور پر تازہ دم کردے گا۔

اسٹوریج کی جگہیں بنائیں

گھر کے کسی بھی کونے میں اگر آپ کو اسٹوریج کی جگہ بنانے کا کوئی بھی موقع مل رہا ہو تو اسے ضائع مت کریں، اسٹوریج کی چھوٹی سے چھوٹی جگہ بھی گھر میں زبردست کام آسکتی ہے۔ اپنے گھر میں اسٹوریج کی جگہیں بنانے پر تھوڑا خرچہ کریں اور بدلے میں بڑا صلہ پائیں۔ اسٹائل بڑھانےاور مختلف اشیا کے لیے اسٹوریج کی جگہ حاصل کرنے کایہ ایک شاندار طریقہ ہے۔

لکڑی کے تختے

لکڑی ہمیشہ خوبصورت لگتی ہے۔ اگر آپ زیادہ اسٹوریج کی جگہ چاہتے ہیں اور ساتھ ہی اپنے گھر کو خوبصورت بھی دیکھنا چاہتے ہیں تو لکڑی کے تختے ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتے ہیں۔ یہ آرائشی اشیا کے ساتھ بخوبی جچیں گے جو آپ ان پر رکھیں گے، جیسے گلدان، فوٹو فریمز اور کتابیں وغیرہ۔ لکڑی کے تختوں پر خرچ کریں اور اپنے گھر کے لیے ایک نئی اسٹائلش وضع پائیں اور ساتھ میں اضافی اسٹوریج کی جگہ بھی۔

لکڑی کا مزید استعمال

نئے شیلف خریدنا مہنگا پڑتا ہے، تاہم فکرکی کوئی بات نہیں۔ کیا آپ کے پاس پرانی، استعمال شدہ لکڑی کی سیڑھیاں آس پاس کہیں بیکار پڑی ہیں؟ اسے پالش کریں اور کوئی شوخ رنگ دے دیں۔ آپ کے پاس گھر میں چیزیں سجانے اور خالی خولی دیوار کو ڈیزائن دینے کی ایک شاندار چیز دستیاب ہوچکی ہے۔ یہ ایک تخلیقی آئیڈیا ہے، جو آپ کے گھر کو منفرد اور اسٹائلش بنادے گا۔

قالین کی صفائی ستھرائی

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے گھر کے مختلف کمروں میں موجود قالین باقاعدگی سے صاف ہوتے ہیں۔ اس طرح یہ دھول، مٹی اور کالک سے پاک اور اس طرح یہ لمبے عرصے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔

دیوار پر خصوصی رنگ و روغن

آپ کمرے کی ایک دیوار کو آرائشی اشیا کے بغیر بھی سجا سکتے ہیں اور اس کا سب سے آسان اور کم خرچ حل اس دیوار پر خصوصی رنگ و روغن کرنا ہے۔ اس طرح وہ دیوار کھِل اُٹھے گی اور آپ آسانی سے اپنی پسند کے نتائج حاصل کرسکیں گے۔

شیشے کی خوبصورتی

گھروں میں آئینے کی شکل میں شیشہ کا استعمال بہت زبردست نتائج دیتا ہے اور کون ہے جسے گھر میں آئینوں کی طاقت کا اندازہ نہ ہو۔ اگر آپ کو یہ پسند ہیں تو کیوں نہ سجاوٹ کے لیے ان کا استعمال کیا جائے؟ کسی بھی کمرے اور داخلی راستے پر شیشہ لگا کر اس جگہ کو چار چاند لگائے جاسکتے ہیں۔ آئینہ کا استعمال تنگ جگہ کو کشادہ دِکھاتا ہے۔

تازہ ترین